ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بھوپال میں 30 ستمبر کو غیر بی جے پی جماعتوں کی اہم میٹنگ؛ ہرحال میں بھاجپا کو روکنا اہم مقصد

بھوپال میں 30 ستمبر کو غیر بی جے پی جماعتوں کی اہم میٹنگ؛ ہرحال میں بھاجپا کو روکنا اہم مقصد

Sun, 23 Sep 2018 17:28:24  SO Admin   S.O. News Service

بھوپال23ستمبر(آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)  آنے والے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظراپوزیشن جماعتوں نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے خلاف تحریک تیزکر دی ہے۔اسی ضمن میں 30 ستمبر کو ان پارٹیوں کی بھوپال میں ایک میٹنگ ہونے جا رہی ہے۔لیکن اس اجلاس میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس شامل نہیں ہو رہی ہے۔

لوک تانترک جنتا دل کے گوند یادو، جو اس مہم کے کنوینر ہیں،  نے اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ آئینی جمہوریت بچانے اورمتبادل سیاست کے لیے آئندہ اسمبلی، لوک سبھا انتخابات کے پیش نظرغیربی جے پی پارٹیوں کاگٹھ بندھن بنانے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کا اجلاس 30 ستمبر کو یہاں بلایاگیاہے ۔یادو کے مطابق اجلاس میں راشٹریہ جنتا دل (لوجد)، مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم)، بھارتی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی)، بہوجن سنگھرش پارٹی،گوں ڈوانا راشٹریہ پارٹی، سماج وادی پارٹی (ایس پی)وغیرہ کومدعوکیاگیاہے۔

اجلاس میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کو مدعو نہ کرنے کے سوال پر یادو نے کہاکہ ہمارا مقصدہرحال میں بھاجپا کو روکنا ہے اورہم اس کے لیے کانگریس کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرنے کے لیے تیارہیں۔انتخابات سے پہلے بھی اور انتخابات کے بعدبھی۔کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔یادو نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپوزیشن جماعتوں کاگٹھ بندھن بنانے پربحث کی جائے گی اورآئندہ پروگرام کے فریم ورک طے کیے جائیں گے۔

غور طلب ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس اس وقت بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے تیار ہے لیکن بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اعلان کیاہے کہ  وہ تمام سیٹوں پر اپنے متوقع امیدوار اتاریں گی اور22 سیٹوں کے لیے انہوں نے اُمیدواروں کے  ناموں  کا اعلان بھی کر دیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی پارٹی کے ساتھ تبھی اتحادہو گا جب قابل احترام نشستیں دی جائیں گی۔


Share: